خیبر پختونخوافاٹا انضمامفیچرز اور انٹرویو

عید کے لئے گھر پر ہی بغیر اوون کے کیک بنائیں!

ناہید جہانگیر

عید کے دن کے لئے جہاں نئے کپڑوں اور جوتوں کی تیاری کی جاتی ہے وہاں اس خاص دن کی مناسبت سے سپیشل پکوان بھی بنائے جاتے ہیں تاکہ گھر والوں کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی بھی اچھی خاطر مدارت کی جا سکے۔

اللہ بخشے میری دادی کہا کرتی تھیں کہ عید اللہ کی طرف سے روزوں کے بعد روزے دار کے لئے انعام ہوتا ہے تو عید کے لئے اپنی حیثیت کے مطابق تیاری کرنی چاہئے کیونکہ اللہ راضی ہوتا ہے۔

بقول میری دادی کے جو عید کے لئے دل سے تیاری نہیں کرتا وہ اللہ کی طرف سے اس انعام کی ناشکری کرتا ہے، مجھے یاد ہے اس زمانے میں میری دادی عید کے دن صبح سویرے خود اپنے ہاتھوں سے لچھے دار پراٹے، حلوہ اور سوئیاں بناتی تھیں اور نہ صرف اپنے اڑوس پڑوس بلکہ منہ بولی بہن، ماں اور بیٹی کے ہاں بھی بھجواتی تھیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ یہی روایت یا دستور امی جان نے برقرار رکھی پھر وہ سوئیوں میں دودھ ڈال کر بناتیں اور ساتھ میں زردہ بھی بنتا اور عید کے دن صبح ناشتے میں کھایا جاتا۔

زمانہ ماڈرن یا جدید ہونے کے ساتھ کھانے بھی اب جدید ہوگئے ہیں اور عید کے دن خاص پکوان بنتے ہیں۔

چھوٹی عید چونکہ سوئیوں والی عید کہلاتی ہے لیکن اس خاص دن کے لئے آپ گھر میں بہت آسانی کے ساتھ کوئی بھی میٹھا یا بیکری گھر پر ہی بنا سکتی ہیں اور لاک ڈاون یا بہت رش سے بچ کر کم بجٹ میں بغیر اوون کے کیک بنائے یا تیار کئے جا سکتے ہیں۔

بغیر اوون کے گھر میں کیک بنانے کا آسان طریقہ

اجزا:

آٹا یا میدہ ایک کپ
چینی آدھا کپ
دودھ آدھا کپ
گھی تین سے چار چمچ
انڈے تین عدد
بیکنگ پاوڈر حسب ضرورت
گارنش کے لئے بادام حسب ضرورت

ترکیب :

سب سے پہلے ایک برتن میں گھی اور دودھ ڈال کر اس میں چینی حل کریں، جب چینی حل ہو جائے تو اس میں انڈے ڈال کر خوب حل کریں۔

انڈے حل ہونے کے بعد اس میں بیکنگ پاوڈر ڈالیں، اور مکس کریں۔

اب آپ نے اس محلول میں ایک کپ آٹا یا میدہ جو بھی گھر میں دستیاب ہو اس طرح باری باری شامل کرنا ہے کہ گھٹیاں نہ بنیں، تھوڑا تھوڑا کر کہ شامل کریں اور ساتھ میں چمچ ہلاتی رہیں۔

بغیر اوون کے کیک بنانے کی ترکیب

اس مرحلے میں جو پیسٹ بنایا گیا ہے، آپ کو جس شکل مطلب گول، چکور یا مربع ڈیزائن میں کیک بنانا چاہتی ہیں، وہ برتن لیں اور اس میں تھوڑا سا گھی ڈال کر کناروں تک اس برتن پر لگائیں اور پھر اس میں تیارکردہ کیک کا پیسٹ ڈال دیں۔
ایک بڑا پتیلا یا دیگچی لیں اور اس کو ہلکی آنچ پر رکھیں اور اس کے درمیان میں ایک سٹینڈ رکھ دیں پھر سر رکھ کر ڈھانپ دیں۔

دس منٹ تک گرم ہونے دیں اور دس منٹ بعد اس میں سٹینڈ کے اوپر کیک والا باول یا برتن رکھیں جس میں کیک کا پیسٹ ڈالا ہو اور ساتھ میں آپ بادام بھی ڈال دیں، برتن رکھنے کے بعد پھر سے ڈھانپ دیں۔

بیس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکانے کے بعد ڈھکن ہٹا دیں، اور کیک نکال کر پلیٹ میں رکھ کر مہمانوں کو پیش کریں اور خود بھی کھائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button