پشاور: چمکنی میں فائرنگ کا واقعہ، دو بھائیوں سمیت تین افراد جان بحق

پشاور میں تھانہ چمکنی کی حدود ترناب فارم جرندہ لارا کے قریب گاڑی میں سوار ملزمان نے تین موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت رخسار خان اور صادق علی پسران امداد گل جبکہ تیسرے مقتول کی شناخت ناہید خان ولد قدیم خان کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں افراد غازی خیل ارمڑ پایاں کے رہائشی تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ سابقہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ نامزد ملزمان بھی ارمڑ پایاں کے رہائشی ہیں جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی چمکنی خالد احسان وڑائچ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے۔
دوسری جانب مردان کی تحصیل رستم کے علاقے چارگلی میں فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ آصف اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں کی لاشیں ان کے گھر سے برآمد ہوئیں۔