جرائم

ٹانک میں پولیس وین پر بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق، 17 زخمی

غلام اکبر مروت
ٹانک کے بھرے بازار میں پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد نے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 17 عام شہری شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حملہ بنوں روڈ پر مصروف ترین بازار میں دامان پلازہ کے قریب کیا گیا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس وین پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا جس سے دو پولیس اہلکاروں جمیل اور عبد الغفار سمیت 18 عام شہری شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں نے دفاعی کاروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی ہے۔ حملے کے فورا بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 اور عام لوگوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک منتقل کردیا ہے جہاں پر انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ بعد ازاں پیر مصباح الدین شاہ سکنہ پیران کوٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

بعض زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ناکافی طبی سہولیات کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ اس وقت ہسپتال کو پولیس نے سخت سیکیورٹی حصار میں لے رکھا ہے۔ داخل ہونے والے افراد کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے ادھر بم ڈسپوزل سکواڈ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کیلئے حکمت عملی ترتیب دیکر ناکہ بندیاں لگا دی گئیں ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button