جرائم

ورلڈ پولیو ڈے: ڈی آئی خان میں فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تھانہ کینٹ کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل اکرام اللہ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات تھا اور ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہا تھا تاہم راستے میں 2 موٹرسائکل سواروں نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد کانسٹیبل کی کلاشنکوف اور موٹر سائکل بھی ساتھ لے گئے تاہم واقعہ کے بعد علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جہاں آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ پولیو ڈے منایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 21 اکتوبر سے خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں پانچ روزہ انسدادپولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔

اس حوالے ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی پولیو مہم کو زیادہ سے زیادہ موثرانداز میں چلانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں خیبر پختونخوا کے13اضلاع پشاور،چارسدہ،نوشہرہ،مردان، صوابی، مہمند،خیبر،بنوں، ڈی آئی خان، لکی مروت،ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 31لاکھ 35ہزار166بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 15163ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ان پولیو ٹیموں میں 13ہزار581موبائل ٹیمیں،860فکسڈٹیمیں،670ٹرانزٹ ٹیمیں اور52رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے3ہزار628ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔

کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے معاشرے کے تمام طبقات پر زوردیا تاکہ بچوں مستقبل کوپولیو کے ہاتھوں معذوری سے بچانے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اس پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button