جرائم

شمالی وزیرستان: سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک

سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کےعلاقے رزمک میں خفیہ اطلاع پرفورسز نے آپریشن کیا جس کے دوران فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کےدوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس سرچ آپریشن شروع کردیا گیا جو تاحال جاری ہے۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں گزشتہ روز بھی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

چودہ ستمبر کو بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

شمالی وزیرستان میں اس سے قبل بھی کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button