بلوچستان

بلوچستان، قلات میں آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ، دو اہلکار شہید 4 شدت پسند ہلاک

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قلات کے علاقے منگھوچر میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی جہاں شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید جبکہ 4 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قلات کے علاقے منگھوچر میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی جہاں شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

بیان کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی سبحان اور سپاہی میرعالم کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فوج کو اطلاع موصول ہوئی ہے کہ شدت پسند صوبہ بھر میں بری کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

بیان کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش جیکٹوں کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی سرحد پار فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوئے۔

ذرائع کے مطابق تحصیل سپین وام کے علاقے ڈنڈی کچ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے سرحد پار سے دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں بیٹنی رائفلز کا ایک اہلکار شہید ہوا۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے ساتھ علاقے کو شدت پسندی سے مکمل پاک کر دیا گیا تھا، آپریشن کے دوران کئی شدت پسند مارے گئے تو کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے سرحد پار افغانستان میں پناہ لے لی۔

سرحد پار سے یہی شدت پسند اب تک سیکیورٹی فورسز پر کئی حملے کر چکے ہیں جس کے خلاف پاکستان بارہا مرتبہ حکومت افغانستان سے احتجاج بھی کر چکا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button