خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری اسکولوں میں کھیلوں کا لازمی پیریڈ متعارف

خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں کھیلوں کا مخصوص پیریڈ لازمی قرار دے دیا ہے۔ مراسلے کے مطابق اس فیصلے کا مقصد طلباء کی جسمانی صحت کو بہتر بنانا اور ٹیم ورک جیسے مثبت رویوں کو فروغ دینا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق اسکول کے ہر جماعت کے طلباء کو ہفتہ وار بنیادوں پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کھیلوں کا پیریڈ فوری طور پر اسکول کے ٹائم ٹیبل کا مستقل حصہ بنایا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ سرگرمیاں طلباء کی عمر اور ان کی جسمانی صلاحیتوں کے مطابق ترتیب دی جائیں گی، تاکہ ہر بچہ کھیلوں کے فوائد سے مستفید ہو سکے۔
مزید برآں، تمام اسکولوں میں اس فیصلے پر عمل درآمد کی سخت نگرانی کی جائے گی تاکہ پالیسی کے ثمرات طلباء تک یقینی طور پر پہنچ سکیں۔