بنوں: تھانہ کینٹ کی حدود میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور ہلاک
بنوں کے تھانہ کینٹ کی حدود بمقام پیردل خیل روڈ پر ایس ایچ او بمعہ پولیس نفری گشت پر تھے، جہاں پر حملہ آوروں نے پولیس وین پر حملہ کیا اور پولیس نفری نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو یلاک کر دیا۔ جبکہ ایس ایچ او سمیت پولیس نفری محفوظ رہی۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں سے حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ، بارودی مواد پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت گل دار علی عرف عاصم سکنہ ڈومیل اور اویس عرف حارث سکنہ وانڈہ پائیندہ خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حملہ آور بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں ریجن کو دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور پولیس پر حملوں سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، جبکہ گزشتہ روز بنوں کے جانی خیل ممیتن خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار جانبحق ہوگئے تھے۔