پشاور میں غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار، لاکھوں ریال برآمد
پشاور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈائریکٹر پشاور زون نثار تنولی کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوگئی۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں فرہاد، رحیم اللہ اور صاحب زادہ نعمان شامل ہیں۔
ملزمان کو جی ٹی روڈ پشاور اور اشرف روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 10 لاکھ سعودی ریال اور 62 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ برآمد ہونے والی کرنسی کی مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔
ملزمان سے کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ ملزمان کے خلاف مقدمے درج کر لئے گئے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔