جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا
جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علی وزیر کو آج پیر کے روز ڈمڈیل چیک پوسٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ساتھیوں سمیت میرانشاہ جا رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علی وزیر پی ٹی ایم کے دیگر رہنما کے ساتھ اداروں کے خلاف تقاریر کرنے پر پولیس کو مطلوب تھے جبکہ گرفتاری کے بعد انہیں شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ علی وزیر شمالی وزیرستان میں گزشتہ کئی دنوں سے پی ٹی ایم کارکنان کی گرفتاری کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ ایف آئی اے نے بھی اداروں کے خلاف تقریریں کرنے پر علی وزیر، منظور پشتین اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 2 سال سے زائد عرصہ جیل میں گزارنے کے بعد رواں برس 14 فروی کو رہا کیا تھا جبکہ مقامی پولیس کی جانب سے ان کی حالیہ گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔