دیربالا کے یوٹیلٹی سٹورز اور فرنچائز میں دو ماہ سے گھی دستیاب نہیں، عوام کو مشکلات کا سامنا
ناصر زادہ
وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹور کی کوکنگ ائل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تاہم دیربالا کے عوام کا شکوہ ہے کہ پچھلے دو ماہ سے یوٹیلٹی سٹورز اور فرنچائز میں گھی دستیاب نہیں۔ قیمتوں میں کمی سے ان کو کیا فائدہ ملے گا؟
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے اسٹورز میں کوکنگ آئل 76 روپے تک فی لیٹر سستا کردیا جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں 69 روپے تک کمی کردی ہے۔
دوسری جانب دیربالا کے عوام کا کہنا ہے کہ ہم بار بار یوٹیلٹی سٹورز کے چکر لگاتے لیکن وہاں پر گھی دستیاب نہیں ہے۔ احسان اللہ نے ٹی این این کو بتایا کہ عشیری درہ جبر یوٹیلٹی فرنچائز میں رمضان کے بعد گھی دستیاب نہیں ہے کوکنگ ائل دستیاب ہیں لیکن اس کی قیمتیں بہت زیادہ ہے اور ہم لوگ کوکنگ ائل کے بجائے گھی زیادہ استعمال کرتے ہیں۔
واجد خان نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں کوکنگ تیل کی بجائے لوگ کھانا تیار کرنے میں گھی کا استعمال زیادہ کرتے ہے ہم نے کئی بار یوٹیلٹی سٹور کا چکر لگایا لیکن مایوس لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے بعد سٹور میں گھی نہیں آئی اس لیے ہم مجبور بازار کے مہنگے گھی خریدنے پر مجبور ہیں۔
اس حوالے سے دیر یوٹیلٹی سٹور منیجر نے بتایا کہ ہم عوام کے لیے سبسڈائز چیزیں لانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن تیمرگرہ ویئر ہاؤس میں گھی کی سٹاک موجود نہیں اس وجہ سے لوگوں کا ہمارے ساتھ توتو میں میں عام ہے لیکن اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے۔
جب اس حوالے سے تیمرگرہ ویئر ہاوس انتظامیہ سے رابطہ کیا تو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک اہلکار نے بتایا کہ واقعی رمضان کے بعد گھی کی سٹاک دستیاب نہیں ہے تاہم کوکنگ ائل کی سٹاک پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام اباد ہیڈ افس سے کئی دفعہ رابطہ کیا ہے لیکن تاحال گھی کی سٹاک سپلائی نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ تیمرگرہ ریجنل افس سے لوئیر دیر اور اپر دیر کے تمام یوٹیلٹی سٹورز اور فرنچائز کو سامان سپلائی کی جاتی ہے۔