بونیر: گٹر میں گیس بھرنے سے دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں مکان کے اندر گٹر میں گیس بھرنے سے دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کو تحصیل حدو خیل چینگلئی گاؤں میں غلام اکبر نامی شخص کے گھر میں پیش آیا جہاں کمرے میں موجود گٹر کی صفائی کی جا رہی تھی، جاں بحق افراد ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں جان سے گئے۔
ٹی این این سے بات کرتے ہوئے چینگلئی پولیس سٹیشن کے اہلکار ظفر علی نے بتایا کہ غلام اکبر کا 16 سالہ بیٹا حامد گھر کے کمرے میں گٹر کی صفائی کے بعد مشین نکالنے کے لئے گٹر کے اندر کود گیا تھا تاہم گیس بھرنے کی وجہ سے وہ موقع پر بے ہوش ہو کر دم توڑ گیا جسے بچانے کے لئے دوسرے بھائی، 14 سالہ محمد، نے بھی گٹر میں چھلانگ لگا دی اور وہ بھی مبینہ طور پر دم گھٹنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا۔
ظفر نے بتایا کہ گھر والوں کی چیخ و پکار سن کر دو پڑوسی، 27 سالہ جمریز خان اور 25 سالہ ویسان، بھی بچوں کو بچانے کے لئے گٹر میں کود پڑے جس سے ان کی بھی موت واقع ہو گئی۔
دوسری جانب ریسیکیو 1122 کے مطابق واقعہ کے بعد مقامی افراد اور پولیس کی مدد سے جاں بحق افراد کو گٹر سے نکال لیا گیا جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ گٹر میں جمع ہونے والی گیس کی شدت زیادہ تھی اور پورے کمرے میں پھیل چکی تھی جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔