ڈینگی کا پہلا وار: نوشہرہ میں طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق
نوشہرہ میں ڈینگی مچھر کے جاری مسلسل وار کاری ثابت ہو گئے، اس مہلک وائرس کی وجہ سے رواں برس کی پہلی دو ہلاکتیں رپورٹ ہو گئیں، محکمہ صحت نوشہرہ کے مطابق زیارت کاکا صاحب اور اکوڑہ خٹک ماسم خیل میں مدرسہ کی طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
محکمہ صحت نوشہرہ نے تصدیق کی ہے کہ ڈینگی سے 57 سالہ شفیق الوہاب سکنہ زیارت کاکا صاحب اور ماسم خیل اکوڑہ خٹک کی مسماۃ انیسہ اکبر دختر اکبر خان جاں بحق ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ نوشہرہ میں ڈینگی نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، ضلع کے چھ علاقوں اکوڑہ خٹک، مصری بانڈہ، نوشہرہ کینٹ، بدرشی، پہاڑی کٹی خیل اور زیارت کاکا صاحب کو ڈینگی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور سرکاری،ملٹری اور نجی ہسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ ڈاکٹر محمد شعیب خان نے تصدیق کی ہے کہ ضلع بھر میں 5500 سے زائد مریضوں کی سکرینگ کی گئی، اب تک ڈینگی کے 390 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ اس سے کئی گنا زیادہ گھروں میں زیرعلاج ہیں۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق مہلک وائرس سے اکوڑہ خٹک میں 116، مصری بانڈہ 17، بدرشی 162، نوشہرہ کینٹ 12، پہاڑی کٹی خیل میں 14 جبکہ زیارت کاکا صاحب میں 19 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضاء اوزگن نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈینگی مریضوں کیلئے بنائے گئے آئسولیشن وارڈ کا معائنہ اور وارڈ میں مریضوں کو دی جانے والی صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کو ڈینگی مریضوں کی تازہ ترین صورتحال اور مریضوں کو دی جانے والی صحت سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
دوسری جانب شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی کے خلاف فوری اقدامات اٹھانے، سرکاری ہسپتالوں میں لیبارٹری ٹیسٹوں کو بھی میعاری بنانے اور سیلاب کے بعد علاقوں میں کھڑے پانی کو جلد از جلد نکالنے اور اسپرے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔