انیلا نایاب
بچپن سے لے کر اب تک بڑے بزرگوں سے یہی سنتے آ رہے ہیں کہ اللہ حج کی سعادت کے ساتھ ساتھ حج اکبر بھی نصیب فرمائے۔ اکثر پوچھنے پر کہا جاتا تھا کہ 5 یا 7 سال بعد عرفہ کا دن جمعہ کو آتا ہے پھر اس سال حج کو حج اکبر کہتے ہیں، اس حج کا ثواب 7 حج کے برابر ہوتا ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ جمعہ کے دن والے حج کا ثواب ستر گنا بڑھ جاتا ہے۔
اس سال پھر لوگوں سے وہی بات سن رہے ہیں کہ عرفہ جمعہ کو تھا، اللہ نے لوگوں کو حج اکبر نصیب کیا۔ حالانکہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
بعض باتیں اتنی مشہور ہو جاتی ہیں جو وقت وقت کے ساتھ ساتھ سچ لگنے لگتی ہیں۔ لیکن قرآن و احادیث کی روشنی میں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
کہا جاتا ہے کہ جب رسول اللہ صلی علیہ وآلہ وسلم نے حج ادا کیا اور 10 ذی الحجہ کو خطبہ دیا تو فرمایا آج کون سا دن ہے آج یوم النحر ہے یعنی قربانی کا دن ہے۔ پس اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر حج کو حج اکبر کہا جاتا ہے اور جمعے کے دن کی اپنی الگ ہی فضیلت ہے۔
کئی سال بعد حج جمعہ کو ادا کیا گیا اور عام لوگوں میں یہ بات مشہور ہے کہ جمعہ کو جو بھی عرفہ کا دن آتا ہے وہ حج اکبر ہوتا ہے اور یہ حج 7 حج کے برابر ہوتا ہے لیکن شریعت کی رو سے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
شریعت کی رو سے عمرہ حج اصغر جبکہ ہر حج کو حج اکبر کہا جاتا ہے۔
جمعہ کا دن بہت فضیلت والا دن ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ جمعہ تمام دنوں میں افضل دن ہے، اس میں جتنی بھی عبادت کی اتنا ہی اجر و ثواب ملتا ہے۔
رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جس مسلمان کی بھی اتنی حیثیت ہو جو جمعہ کے دن تمام عبادات کے ساتھ ساتھ نئے لباس کا بھی اہتمام کر سکتا ہے تو وہ اس دن نیا لباس پہنے۔
تو ظاہر سی بات ہے۔ جب عرفہ کا دن بھی جمعہ کے دن آ جائے تو اس لحاظ سے عرفہ کا دن بھی دیگر سے فضیلت والا ہو جاتا ہے۔
لیکن جہاں تک لوگوں میں جو یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ جب کئی سال بعد جمعے والے دن عرفہ کا دن آتا ہے تو اس کو حج اکبر کہتے ہیں۔ اور ستر گنا زیادہ ثواب ملتا ہے تو اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ گزارش ہے کہ دینی احکامات اور معاملات پر بغیر تحقیق کے عمل کریں نا ہی اس حوالے بات کریں۔ ایسا کرنا گناہ کے ساتھ ساتھ اپنے دین سے دوری کا سبب بھی بنتا ہے۔ جب بھی کوئی سوال ذہن میں ہو تو سچائی تک پہنچنے کے لیے تحقیق کریں یا کسی بھی اسلامک سکالر سے معلومات لیں اس سے علم سے دوری کی بجائے اضافہ ہو گا اور دوسروں کی بھی آپ رہنمائی کر سکتے ہیں۔