مردان: پولیس چوکی پر حملہ، ہیڈ کانسٹیبل شہید 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی
عبدالستار
پولیس تھانہ صدر کی حدود میں پولیس چوکی چمتار پر نامعلوم دھشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک پولیس ہیڈکانسٹیبل شہید جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان اللہ خان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹی این این این کو بتایا کہ پولیس چوکی چمتارپر نامعلوم دہشت گردوں نے آج جمعرات کے روز چوکی کے مین گیٹ کے ساتھ خودساختہ بم نصب کیا تھا جو پونے گیارہ بجے زروددار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس چوکی میں موجود حوالدار مقصود شہید جبکہ چوکی کے انچارج اے ایس آئی سہیل خان اور دو پولیس کانسٹیبل کریم اور فیاض زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے کے حوالے سے تفتیش بھی جاری ہے، بم دھماکے سے پولیس چوکی کا گیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور عمارت کو بھی جزوی طورپر نقصان پہنچا۔
ریسکیو زرائع کے مطابق دم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے اہلکارموقع پر پہنچ گئے اور دھماکے میں جاں بحق پولیس اہلکار اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں اے ایس آئی سہیل، سپاہی کریم، فیاض اور دو دیگر افراد ہلال اور محمد اسحاق ساکنان چمتار شامل ہیں۔
پولیس ترجمان اے ایس آئی فرمان علی کے مطابق پولیس چوکی چمتار کے انچارج اے ایس ائی سہیل خان کی نگرانی میں پولیس گاڑی واپس پولیس چوکی آ رہی تھی اور جب چوکی کے گیٹ سے پولیس گاڑی داخل ہوئی اس وقت ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیچے میں گیٹ پر موجود ہیڈ کانسٹیبل مقصود شہید جبکہ دھماکے کی زد میں آنے والی گاڑی میں موجود پولیس چوکی انچارج سہیل خان اور اس کے ساتھ پولیس ڈارئیور فیاض اور سپاہی کریم زخمی ہو گئے۔
مردان میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی لاش جبکہ دیگر تین زخمی پولیس اہلکارں اور دو زخمی عام افراد لائے گئے ہیں جن میں چوکی انچارج اے ایس آئی سہیل خان کی حالت ڈاکٹروں نے تشویش ناک بتائی ہے جبکہ پولیس کانسٹیبل فیاض کو ڈاکٹروں نے فرسٹ ایڈ دے کر فارغ کر دیا ہے۔
مردان پولیس کے مطابق پولیس چوکی پر دھماکہ بارودی مواد سے کیا گیا جس کی نوعیت معلوم کرنے کے لئے بم ڈسپوزل سکواڈ کی تفتیش جاری ہے جبکہ ابھی تک کسی نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
نوشہرہ: شمالی وزیرستان میں شہید اہلکار سپردخاک
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان وحید خان کو آبائی گاوں نندرک میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
سپاہی وحید خان گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ میں شہید ہوئے تھے، نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران سمیت علاقے کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شہید سپاہی کے والد حوالدار شہوار خٹک نے بتایا کہ انہیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، ”میرے شہید بیٹے نے ملک و قوم کی بقاء کی جنگ میں اپنا خون قربان کیا، میرے بیٹے نے بہادری سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شہادت کا رتبہ حاصل کیا، شہید سپاہی وحید خان نے خاندان و علاقہ کا نام فخر سے بلند کر دیا، میرے ایک سے زیادہ بیٹے بھی ہوتے تو پاکستان پر قربان کر دیتا، اللہ تعالی میرے شہید بیٹے کی شہادت قبول و منظور فرمائے۔”