سیاست

آپ کو وزیر اعظم ہم نے بنایا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس کی پابندی ہے۔ پرویز خٹک نے وزیراعظم کیخلاف علمِ بغاوت بلند کر دیا

”آپ کو وزیر اعظم ہم نے بنایا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس کی پابندی ہے، آپ کا رویہ اگر یہی رہا تو ہم آپ کو ووٹ نہیں دے سکیں گے۔”

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک آمنے سامنے، وزیر اعظم کی گفتگو ناگوار گزری تو پرویز خٹک اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔

تاہم بعدازاں میڈیا گفتگو میں وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وہ ناراض ہو کر نہیں بلکہ سگریٹ پینے باہر چلے گئے تھے۔

میڈیا کے ساتھ گفتگو میں وزیر دفاع نے کہا کہ اجلاس میں اپنے حق کی بات کی، گیس اور بجلی بھی ہم پیدا کر رہے ہیں لیکن پِس بھی ہم رہے ہیں۔

خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی کا پارلیمانی پارٹی اجلاس تھا جس میں وزیر دفاع اور پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر پرویز خٹک نے وزیر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق انہوں نے وزیر اعظم کو خبردار کیا کہ انہیں وزیر اعظم ہم (خیبر پختونخوا کے عوام) نے بنایا ہے اور (اب) صوبے میں گیس پر پابندی ہے، ”آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم آپ کو ووٹ نہیں دے سکیں گے۔”

یاد رہے کہ پرویز خٹک نے گذشتہ سال فروری میں ضمنی الیکشن سے دو ہفتہ قبل مانکی شریف اپنے آبائی گاؤں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اگر عمران خان کے ساتھ میں بدمعاشی کروں تو اس کی حکومت ایک دن بھی نہ چل سکے، میں اگر ایک تیلی کو بھی کھڑا کر دوں تو وہ کامیاب ہو گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button