جرائم

پشاور: صدر فوارہ چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 دوست جاں بحق

پشاور صدر کے فوارہ چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 دوست جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

سہیل خان ولد غلام حسین ساکن مسکین آباد نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب ساڑھے 3 بجے کے قریب اس کا بھائی 44 سالہ عاشق حسین اپنے دوست اسرار ولد تواب گل عمر 25 سال ساکان مسکین آباد کے ہمراہ صدر فوارہ چوک میں موجود تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے اُن پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دونوں لگ کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

مدعی کے مطابق اُن کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت نہیں ہے۔ دریں اثناء مقتول اسرار کے چچا زاد بھائی نور ماخان ولد رحمت گل نے بھی اپنے کزن کے قتل کی دعویداری نامعلوم ملزمان کے خلاف کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب لکی مروت میں پولیو ٹیم پر حملے کے بعد مردان کی تحصیل تخت بھائی میں فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ اشتہاری ملزم بھی مارا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button