‘ہماری غیر موجودگی میں لیز دوسرے لوگوں کو دینا سراسر زیادتی ہے’
ضلع خیبرجمرود کے عمائدین نے کہا ہے انکی غیر موجودگی میں انکے علاقوں کے لیز دوسرے لوگوں کو دینا سراسر زیادتی ہے وہ غیرقانونی لیز کو نہیں مانتے۔
جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قوم کوکی خیل کے تپہ اسدخیل کے مشران ملک نجیب، حاجی بالغ، حاجی علی مان شاہ، رحمت گل، نورمحمد،حاجی مویز،پیاؤخان اور واربادشاہ سمیت دیگر نے کہا ہے کہ وادی تیراہ میں ہمارے علاقوں کے لیز دوسرے اقوام کو دیئےجارہے ہیں جو کہ ہمارے ساتھ سراسر ظلم ہے، ہمیں وادی تیراہ میں اپنے علاقوں تک جانے پر پابندی ہے جبکہ ہمارے غیرموجودگی کا فائدہ اٹھاکر ہمارے پہاڑوں اور دوسرے اثاثہ جات کی لیز غیر قانونی طورپر دوسرے لوگوں کو دئیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری غیرموجودگی میں جتنے بھی غیر قانونی کام ہوجائے وہ نہیں مانیں گے اسلئے ہم سیکورٹی فورسز، ضلع خیبر کے انتظامیہ سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے علاقوں میں دوسرے اقوام کے لوگوں کو کسی قسم کی کوئی لیز نہ دی جائے۔
اسد خیل قوم کے مشران نے کہاکہ تیراہ راجگل ریجگانہ میں ایک غیر مقامی شخص کو لیز دی گئی ہے اور وہ ہمیں دھمکا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کا حق ان سے نہ چھینا جائے بصورت دیگر اپنی حق کے حصول کیلئے وہ خود اٹھے گے جبکہ امن و امان کی صورتحال کی خرابی کی ساری ذمہ داری حکومتی اداروں پر ہوگی اور مطالبات منظور نہ ہونے پر پاک افغان شاہراہ کو احتجاجا بند کرینگے۔