بٹگرام میں نوجوان قتل، صوابی میں شوہر کی قاتلہ گرفتار
بٹگرام، سب جیل کے قریب موٹر سوار نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا، ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب، 2 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بٹگرام پولیس کے مطابق گزشتہ روز سب جیل کے قریب موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر کے گاڑی میں بیٹھے نوجوان ظاہر شاہ عرف سیام خان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، وقوعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام منتقل کردی گئی، مقتول کے لواحقین کی رپورٹ پر بٹگرام پولیس نے ملزمان عامر نواز اور خان افسر کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے شروع کر دیئے ہیں۔
پولیس زرائع کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان کچھ عرصے سے چپقلش تھی۔
دوسری جانب صوابی پولیس نے 18 سال سے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے علاوہ شوہر کے قتل میں ملوث خاتون کو بھی گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مسماۃ ( ب) سکنہ گوگا بونیر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپنے شوہر شمس پر تشدد اور گلے میں پھندا ڈال قتل کیا تھا۔
ایس ایچ او پر مولی سبحان اللہ نے کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا‘وجہ قتل گھریلو ناچاقی بیان کی گئی ہے، مقتول نے دو شادیاں کی تھیں۔
دریں اثناء ایس ایچ او تھانہ لاہور الطاف خان نے ایک اور کارروائی کے دوران 18 سال سے روپوش ملزم اشتہاری بختاج سکنہ بیکا کو ایک عدد کلاشنکوف بمعہ کارتوس گرفتار کر لیا، ملزم نے سابق دشمنی پر فضل اکبر پر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
ادھر مردان، شیرگڑھ کے علاقے غلام حبیب بانڈہ میں کرنٹ لگنے سے 4 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق 4 سالہ آفاق ولد روید دین گھر میں کھیلتے ہوئے بجلی کی ننگی تاروں سے ٹکرا گیا، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی لیکن گھر والوں نے ریسکیو 1122 کو بروقت اطلاع دینے سے پہلے عرصہ دراز سے استعمال ہونے والا غلط طریقہ کار اپناتے ہوئے بچے کو مٹی کے ڈھیر میں ڈھانپ دیا تھا۔
ریسکیو1122 میڈیکل ٹیم نے پہنچتے ہی بچے کو مٹی سے نکالا اور فوراً ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے بچے کی سانس اور دل کی دھڑکن بحال کرنے کے لئے CPR فراہم کرنا شروع کی اور یہ عمل ہسپتال تک جاری رہا لیکن تخت بھائی ہسپتال منتقل کرنے پر ڈاکٹروں نے بچے کی موت واقع ہونے کی تصدیق کر دی۔
اس کے برعکس ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے سور کمر میں جھگڑا ہوا جس میں فائرنگ و کلہاڑے کے وار سے دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 اہلکاروں نے دونوں زخمیوں کو جمرود ہسپتال منتقل کر دیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب ملاگوری، علاقہ مراد ڈھنڈ میں خادق نور نامی شخص کے گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک بچہ معمولی زخمی ہوا جبکہ کمرے کو نقصان پہنچا۔
اس حوالے سے زرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا لیا ہے۔