سوات سیلاب: مزید تین افراد کی لاشیں برآمد
سوات کے علاقوں شاہگرام اور تیرات میں سیلاب میں بہہ جانے والے مزید تین افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔ ریسکیو اور دیگر محکموں کا ریسکیو اپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے جس میں اب تک تین افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔
رسیکیو حکام کے مطابق اب تک 8 افراد کی لاشیں مل سکی ہیں 3 افراد کی تلاش جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر بحرین صداقت علی کے مطابق مدین ہسپتال میں سیلاب سے زخمی 15 افراد زیر علاج ہیں۔
واضح رہے جمعہ کی شب سوات کے علاقوں شاہگرام اور تیرات میں کئی افرادسیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے جبکہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
گزشتہ روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلی نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے کاروائی تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ متاثرین کو فوری طور پر امدادی سامان اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچائی جائیں اور متاثرہ گھروں کے مکینوں کے لئے عارضی رہائش کا بندوبست کیا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔