خیبرپختونخوا میں سالانہ بجٹ 19 جون کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
خیبرپختونخوا کا سالانہ بجٹ برائے سال2020-21 جون 19 کو سہ پہر تین بجے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ تیمور سلیم جھگڑا بجٹ پیش کریں گے۔ کورونا وائرس کے غیر معمولی حالات کے پیش نظر بجٹ سیشن کو 28 جون تک محدود کردیا گیا ہے۔
اجلاس کے لیے تمام ممبران کو ایس او پیز جاری کر دی گئی ہیں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اور اجلاس سے ایک ہفتہ قبل تمام ممبران کے ٹیسٹ ہونگے۔ ایوان میں سماجی فاصلے سوشل ڈسٹنسگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام ممبران ماسک پہن کر اسمبلی میں آئیں گے۔ جب کہ اجلاس کے دوران مہمانوں کی آمد پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقات میں گزشتہ روز ہونے والے فیصلوں کے بارے میں صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ ملاقات میں حکومت کی طرف سے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر تعلیم اکبر ایوب، وزیر قانون سلطان محمد خان اور کامران بنگش جبکہ اپوزیشن کی طرف سے لطف الرحمن، سردار حسین بابک، شیر اعظم وزیر اور سردار نے شرکت کی۔
شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ اپوزیشن اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات بہت مفید رہے۔ اور اس بات پر اتفاق رہا کہ اس مشکل صورتحال میں متفق ہو کر بہتری کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حفاظتی اقدامات کورونا وائرس کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں تاکہ بجٹ اجلاس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ ملاقات میں فنڈ کی تقسیم کے حوالے سے بھی گورنمنٹ اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہوئی۔
حکومتی وفد نے اپوزیشن کے تحفظات سنے اور ان سے وقت مانگا کہ وہ وزیر اعلی محمود خان سے ملاقات کرکے منگل کو اپوزیشن کو جواب دیں گے۔
مذاکرات کے دو سیشن ہوئے پہلے سیشن میںاسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے بھی شرکت کی اور اسمبلی اجلاس کے معاملات طے کیے جبکہ دوسرے سیشن میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان فنڈز کی تقسیم کے معاملے پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے آئندہ سیشن میں منگل کے روز صوبائی اسمبلی کی تحلیل کردہ کمیٹیوں کو دوبارہ بنانے کے لیے فارمولے پر بات چیت ہو گی۔