مانسہرہ: بچی کی نازیبا ویڈیو بنانے والا ملزم گرفتار
مانسہرہ میں پانچ سالہ بچی کی نازیبا ویڈیو بنانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تھانہ سٹی مانسہرہ میں درج کی گئی ایف آئی آر میں بشام شانگلہ کے رہائشی سلیم نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی پانچ سالہ بیٹی پانوڈھیری مانسہرہ میں اپنے رشتہ داروں کے گھر گئی ہوئی تھی اور ایک ماہ اپنی پھوپھی کے گھر رہی جہاں اس کے پھوپھا فیصل ولد نذیر بیگ سکنہ شانگلہ حال پانو ڈھیری مانسہرہ نے جنسی تسکین حاصل کرنے کے لئے بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کیں اور موبائل پر ویڈیو بھی بنائی جو ان کو گھر کے میموری کارڈ میں ملی۔
مانسہرہ سٹی پولیس نے ملزم فیصل کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس نے پبلک پراسیکیوٹر سید محسن شاہ ایڈ وکیٹ اور متاثرہ بچی کے والد کے ہمراہ بچی کو بیان کے لئے عدالت میں پیش کیا تا ہم بچی کی کنڈیشن صحیح نہ ہونے کی وجہ سے بیان قلمبند نہ ہو سکا۔
اس موقعہ پر متاثرہ بچی کے والد ملک سلیم نے بتایا کہ ملزم صلح کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور آئے روز بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔