جیل بیرک میں آگ لگنے سے ن لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق زخمی
سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر آتشزدگی کے واقعے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی زیر حراست پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ سعد رفیق زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق کیمپ جیل کی بیرک میں آگ بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی جس کی وجہ سے قیدیوں میں بھگڈر مچ گئی اور اس دوران جنگلے سے ٹکرانے سے سعد رفیق زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل عملے نے آگ پر قابو پالیا تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ سعد رفیق ک محفوظ مقام منتقل کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ خواجہ سعد رفیق 11 دسمبر 2018 سے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کے الزام میں نیب کی حراست میں ہیں اور ان کیخلاف مقدمہ تاحال جاری ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کیمپ جیل میں فواد حسن فواد کے کمرے کے باہر آگ لگنے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ایسا کیوں ہوا؟ واقعہ کی تحقیقات کی رپورٹ سامنے لائی جائے تاکہ حقائق کا علم ہو سکے، سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے سیاسی مخالفین کی جیل میں آتشزدگی پریشانی اور فکر کی بات ہے۔
انہوں نے خواجہ سعد رفیق کے زخمی ہونے پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے تمام قیدیوں کے حوصلے اور جرات قابل ستائش ہیں، جیل کے تمام قیدیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جائے اور بتایا جائے کہ تمام قیدی خیریت سے ہیں اور آگ سے متاثر یا زخمی نہیں ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آگ لگنے کے واقعے میں بڑا نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کیمپ جیل میں نیب کے قیدیوں کی بیرک کے باہر آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اور آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
یاد رہے کہ اتوار کی رات کیمپ جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اور اس دوران مبینہ بھگدڑ سے پیرا گون ہائونگ سٹی سکینڈل میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ سعدرفیق گر کر زخمی ہوئے اور ان کے سر میں چوٹ آئی تھی۔